ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / باگری مارکیٹ: آگ بجھانے کے پختہ بندوبست نہیں ہونے کے باوجود کارپوریشن نے دیا لائسنس

باگری مارکیٹ: آگ بجھانے کے پختہ بندوبست نہیں ہونے کے باوجود کارپوریشن نے دیا لائسنس

Tue, 18 Sep 2018 02:24:35    S.O. News Service

کولکاتہ ،17؍ ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ایشیا کے سب سے بڑے بازاروں میں شمار بڑا بازار کے باگری مارکیٹ میں لگی شدید آگ میں کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاک ہو گیا ہے۔ 71نمبر کیننگ اسٹریٹ واقع پانچ منزلہ عمارت کی تقریباً 1000دکانیں اور وہاں موجود سامات جل کر خاک ہو گیاہے۔ اس دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ دو مہینے پہلے ہی مناسب فائر بریگیڈبندوبست نہیں ہونے کے باوجودکولکاتہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مارکٹ کو مشروط لائسنس دے دیا گیا تھا۔ پیر کے روز کارپوریشن کے ایک سینئر افسر نے اس سلسلہ میں معلومات دی۔انہوں نے بتایا کہ باگری مارکیٹ سمیت راجدھانی کولکاتہ کی 32تجارتی عمارتوں میں فائر بریگیڈ بندوبست درست نہیں ہونے کے باوجودمیئر شوبھن چٹرجی نے کاروباریوں کے نمائندوں ، فائر بریگیڈ اور میونسپل کارپوریشن کے لائسنس محکمہ کے متعلقہ افسروں کو لے کر جولائی ماہ میں ہی اہم میٹنگ کی تھی۔ اس دوران باگری مارکیٹ کی جس عمارت میںآگ لگی ہے ، اس عمارت سمیت کئی دیگر عمارتوں میں کاروبار کے لئے مشروط لائسنس دے دیا گیا تھا۔ حالانکہ اس وقت فائربریگیڈ کی رپورٹ تھی کہ ان عمارتوں میں آگ پر قابو پانے کا مناست بندوبست نہیں تھا۔ اس میں یہ ہدایت دی گئی کہ ایک سال کے اندر ان تمام عمارتوں میں فائر بریگیڈ کا بندوبست ہونا چاہیے۔ ایسا نہیں ہونے پر ایک سال کے بعد لائسنس ری نیو کرنے سے منع کردیا جائے گا۔ لیکن اس میٹنگ کے ابھی دو ماہ ہی گزرے تھے کہ شدید آتشزدگی کے اس واقعہ نے بڑا بازار کے سیکڑوں کارباریوں کا کروڑوں روپیہ پھونک کر رکھ دیا۔ کارپوریشن افسر نے نام نہیں چھاپنے کی شرط پر بتایا کہ باگری مارکیٹ میں محض دو ماہ میں آگ لگ گئی۔ ابھی اسی طرح کی 32عمارتوں کو مشروط لائسنس دیا گیا ہے۔ پتہ نہیں ان کی کیا صورتحال ہے۔ اس بارے میں پوچھنے پر کہ جب فائر بریگیڈ کا بندوبست مکمل نہیں تھا تو لائسنس کیو ں دیا گیا، کارپوریشن افسرنے بتایا کہ میئر اور ریاست کے فائر بریگیڈ وزیر شوبھن چٹرجی نے ایسا کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اس کے بعد اسے روکنے کی کوئی وجہ نہیں بنتی ہے۔ 


Share: